پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کی تیاریاں زور و شور سے جاری

289

کراچی (سید وزیر علی قادری) کرس گیل، ڈیل ا سٹین، کرس لین اور راشد خان سمیت کئی معروف اور نامور غیرملکی ستاروں نے پی ایس ایل 2021 میں شرکت کے لیے اپنی دستیابی ظاہر کردی، لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے لیے25 کھلاڑیوں پر مشتمل پلاٹینم فہرست کو حتمی شکل دے دی گئی ۔ایونٹ کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 10 جنوری کو لاہور میں ہوگی۔ڈرافٹنگ سے قبل تمام 6 ٹیمیں اپنے اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کو ریلیز یا ریٹین کرسکتی ہیں،ہر ٹیم زیادہ سے زیادہ 8 کھلاڑیوں کو ریٹین کرسکتی ہے۔ پی ایس ایل 2021 کی فروری، مارچ میں شیڈول ونڈو کے لیے چند غیرملکی کھلاڑی ایک مخصوس وقت کے لیے ہی دستیاب ہوں گے۔لیگ کے چھٹے ایڈیشن کی ڈرافٹنگ کی سب سے خاص بات اس دہائی کے آئی سی سی کے بہترین ٹی ٹوئنٹی کرکٹر راشد خان کا دستیابی ظاہر کرنا ہے۔ جنوبی افریقا کے ڈیوڈ ملر بھی پی ایس ایل کی ڈرافٹنگ کے لیے دستیاب ہیں انہوں نے اب تک ایونٹ میں حصہ نہیں لیا۔اس سے قبل کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے کرس گیل بھی لیگ کے چھٹے ایڈیشن کی ڈرافٹنگ کے لیے دستیاب ہیں۔ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں سرفہرست ڈیوڈ ملان بھی اسی فہرست میں شامل ہیں۔ وہ اس سے قبل بھی لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔گزشتہ ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرتے ہوئے 40 سے زائد کی اوسط سے 284 رنز بنانے والے آسٹریلوی بیٹسمین کرس لین اس سال بھی پلاٹینم کٹیگری کا حصہ ہیں ممکنہ طور پر لاہور قلندرز کی مینجمنٹ انہیں ریٹین ہی کرے گی۔اس کٹیگری میں ویسٹ انڈیز کے ڈین براوو، لینڈل سمنز ، کارلوس بریتھ ویٹ اور ایون لوئس بھی موجود ہیں۔ ڈائریکٹر کمرشلز بابرحامد نے کہا کہ انہیں پی ایس ایل 2021 کی ڈرافٹنگ سے قبل نامور کرکٹرز پر مشتمل پلاٹینم کٹیگری کے لیے کھلاڑیوں کے ناموں کی فہرست جاری کرنے پر خوشی ہے۔انہوں نے کہا کہ کوویڈ 19 کی وجہ سے مصروف ایف ٹی پی شیڈولز کے باوجود ان معروف کھلاڑیوں کا دستیابی ظاہرکرناایک خوش آئند عمل ہے اور امید ہے کہ مداحوں کو بہترین کرکٹ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔