سکھر، سی این جی اسٹیشن مالکان کا سوئی گیس دفتر کے سامنے احتجاج

178

سکھر(نمائندہ جسارت) سی این جی اسٹیشن مالکان اور محنت کشوں کا سوئی گیس آفس کے سامنے مظاہرہ،مظاہرین نے جی ایم سوئی گیس کے دفتر کے سامنے دھرنا دیا، ان کا کہنا تھا کہ محکمہ سوئی گیس نے ہمارے سی این جی اسٹیشنوں کو گیس کی سپلائی بند کردی ہے ، تین تین چار چار دن سے گیس کی سپلائی بندہونے کے باعث ہمارے سی این جی اسٹیشن بند ہوگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سکھرسمیت اندرون سندھ کے سی این جی اسٹیشنز مالکان اور وہاں پر کام کرنے والے سیکڑوں محنت کشوں نے سی این جی اسٹیشن کو گیس کی عدم سپلائی کے خلاف جی ایم سوئی گیس کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا۔ اس موقع پر رہنمائوں کا کہنا تھا کہ سوئی گیس حکام نے سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی سپلائی بند کردی ہے جس کی وجہ سے ہمارے سی این جی اسٹیشن بند ہوگئے ہیں اور وہاں پر کام کرنے والے محنت کش بیروزگار ہورہے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ سوئی گیس حکام کی یقین دہانی کے باعث ہم نے اپنے اسٹیشن آر ایل،این جی پرمنتقل کردیے تھے لیکن اس کے باوجود سپلائی بندکردی گئی ہے گیس کی بندش کیخلاف ہم نے عدالت عالیہ سے حکم امتناعی حاصل کررکھا ہے لیکن سوئی گیس حکام عدالتی حکم کو بھی ماننے کوتیار نہیں اور عدالتی حکم کو محض کاغذ کاٹکڑا قرار دیتے ہیں۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی سپلائی بحال کی جائے اور انہیں بیروزگار ہونے سے بچایا جائے۔