کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ کے پیسے عدالت عظمیٰ کے پاس ہیں یہ پیسے ملیں تو کراچی پر خرچ کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے الزام عاید کیا کہ وفاق کے نمائندے سندھ کے دشمن ہیں یہ لوگ صوبائی حکومت کی برائی کرنے کے لیے میٹنگ بلاتے ہیں ، مہنگائی کے طوفان سے کیسے جان چھڑانی ہے اس پر کوئی بات نہیں ہوتی ۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے پچھلے سال سے 16 فیصد سے زاید ٹیکس جمع کیا جب کہ اسی عرصے میں وفاقی حکومت نے اپنے مقرر کردہ ہدف سے بھی 5 فیصد کم ٹیکس جمع کیا ، لیکن اس کے باوجود وفاق سے سندھ کو 63ارب روپے کم ملے ہیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی کو اپنا وارث سمجھنے والوں نے کراچی کا جو حال کیا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔ کراچی میں انکروچمنٹ کو ہٹانے کا کام صوبائی حکومت کا کام نہیں ہے بلکہ ڈی ایم سیز اور کے ایم سی کا کام ہے۔ انکروچمنٹ کرواتے بھی وہی ہیں اور جب ہٹانے کا وقت آتا ہے تو کہتے ہیں کہ سندھ حکومت کوئی پاور نہیں دیتی۔ وزیر اعلیٰ نے سوال اٹھایا کہ کس نے پاور لیے تھے آپ کے؟، انہوں نے کہا کہ آپ نے اپنے پاور کی بنیاد پر انکروچمنٹ کی اجازت دی اور اپنے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھایا۔