تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران نے فردو کے زیر زمین جوہری مرکز میں یورینیم افزودگی کی شرح دوبارہ 20 فیصد کردی۔ نیم سرکاری نیوز ایجنسی مہر نے یہ بات حکومتی ترجمان علی ربیع کے حوالے سے بتائی۔ عالمی طاقتوں کے ساتھ کیے گئے معاہدے کے تحت ایران کو یورینیم 20فیصد تک افزودہ کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ اس سے قبل ایرانی ایٹمی توانائی ایجنسی کے سربراہ علی اکبر صالحی نے 20 فیصد تک یورینیم افزودگی کے حوالے سے عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کو آگاہ کردیا تھا۔ اس سلسلے میں قومی اسمبلی میں باقاعدہ ایک قانون بھی منظور کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ جوہری معاہدہ ایران کو زیادہ سے زیادہ 3.67 فیصد تک یورینیم افزودگی کی اجازت دیتا ہے۔