ایران نے جنوبی کوریا کے آئل ٹینکر پر قبضہ کرلیا

617
خلیج عرب: ایرانی کشتیوں نے جنوبی کوریا کے آئل ٹینکر کو گھیر رکھا ہے

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب نے خلیج کے پانیوں میں جنوبی کوریا کے پرچم بردار ایک ٹینکر پر قبضہ کر لیا ہے۔ ایرانی سرکاری اور نیم سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق پاسداران انقلاب کی بحریہ نے جنوبی کوریا کے جہاز کو خلیج کے پانیوں کو کیمیکل سے آلودہ کرنے کے الزام میں پکڑا ہے۔ نیوز ایجنسی ایجنسی تسنیم نے جنوبی کوریا کے پکڑے گئے جہاز کی تصاویر جاری کی ہیں، جن میں پاسداران انقلاب کی بحریہ کی تیزرفتارکشتیاں ہنکوک چیمی نامی ٹینکر اپنے ساتھ ساحلی شہر بندر عباس کی بندرگاہ کی جانب لارہی ہیں۔ ٹینکر پر 7200 ٹن ایتھنول لدا ہوا ہے۔ اس سلسلے میں حکام نے بتایا کہ جہاز کے عملے کے ارکان کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہیم، جن میں جنوبی کوریا، انڈونیشیا، ویت نام اور میانمر کے شہری شامل ہیں، تاہم گرفتار افراد کی تعداد کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ دوسری جانب جنوبی کوریا کی وزارتِ خارجہ نے فوری طور پر اپنے ٹینکر پر ایران کے قبضے کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ واضح رہے کہ ایرانی حکام نے بھی واقعے سے متعلق کوئی سرکاری سطح کا بیان جاری نہیں کیا ہے۔ یہ واقعہ جنوبی کوریا کے نائب وزیرخارجہ کے تہران کے دورے سے چند روز قبل رونما ہوا ہے۔