کوئٹہ(نمائندہ جسارت)چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس جمال مندوخیل نے احتساب عدالتوں میں کیسز کے التوا پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی جی نیب بلوچستان کو طلب کرلیا۔چیف جسٹس نے ہائی کور ٹ کے جج جسٹس نذیر احمد لانگو کے ساتھ احتساب عدالتوں کا ا چانک دورہ کر کے کیسوں کی سماعت اور عدالتوں کی کار کردگی کا جائزہ لیا اور ڈائریکٹر جنرل نیب کو بھی طلب کیا،پراسیکیو ٹر نیب بھی اس موقع پر موجود تھے۔چیف جسٹس نے پراسیکیوشن کے عمل میں سست روی اور کیسوں کی سماعت میں غیر ضروری تاخیر پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے احتساب عدالتوں کے ججوں کو اپنی کارکردگی میں اضافہ کرنے، ڈی جی نیب اور نیب پراسیکیوٹر کو پراسیکیوشن کے عمل کو مزید بہتر بنانے اور گواہوں کو بروقت عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔چیف جسٹس نے وکلا پر زور دیا کہ وہ زیر سماعت کیسوں کو تیز رفتاری سے نمٹانے میں تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ انصاف کی فوری فراہمی اور بدعنوانی کے خاتمے کے ہدف کے حصول کیلیے احتساب عدالتوں میں زیر سماعت کیسوں کی بروقت تکمیل اشد ضروری ہے ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کیسوں کو نمٹانے کے عمل میں غیر ضروری تاخیر سے نہ صرف انصاف کی فراہمی کا عمل متاثر ہوتا ہے بلکہ ملزمان کو بھی ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے لہٰذا جج ،وکلا اور نیب اس ضمن میں فرائض کی احسن طریقے سے ادائیگی یقینی بنائیں۔