مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی تنظیمیں آواز اٹھائیں، شیریں مزاری

392

اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں آواز اٹھائیں،عالمی برادری کو خاموشی توڑنا ہوگی۔ پیر کو کشمیری رہنما ڈاکٹر آسیہ اندرابی کے اہل خانہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آسیہ اندرابی اس وقت تہاڑ جیل میں قید ہیں، ان کی صحت خراب ہے، ڈاکٹر کی سہولت فراہم نہیں کی گئی، کشمیری خواتین پر ہونے والے ظلم و ستم کی مثال نہیں ملتی۔ شیریں مزاری نے کہا کہ سید علی گیلانی، شبیر شاہ سمیت دیگر کشمیری رہنما جیلوں میں بند ہیں، بھارت جنیوا کنونشن کے آرٹیکل 76کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے،جینوا کنونشن کے آرٹیکل 143کے تحت یہ جنگی جرم ہے۔وزیرانسانی حقوق نے نشاندہی کی کہ بھارتی عدالت عظمیٰ نے نومبر 2012ء کے اپنے فیصلے میں ”مرنے تک” کو عمر قید کی تعریف قرار دیا ہے جسے بھارت سرکار آسیہ اندرابی کو تاعمر زندان میں ڈالنے کے لیے ایک نظیر کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ 14سے 18جنوری کے درمیان متوقع ہے اور یہ عدالتی قتل سے کسی طور کم نہیں۔ وزیرانسانی حقوق نے اقوام متحدہ، اس کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر اور انسانی حقوق کونسل، انسانی حقوق کے عالمی اداروں بشمول ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ کے ساتھ انٹرنیشنل پارلیمنٹری وویمن کاکس سمیت خواتین کی تنظیموں سے معاملے پر اقدامات اٹھانے کی اپیل کی ہے۔