سپریم کورٹ نے سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانےسےمتعلق صدارتی ریفرنس پر اسپیکر قومی اسمبلی، صوبائی اسمبلیوں کے اسپیکرز، الیکشن کمیشن، وفاقی اور صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز کو نوٹس جاری کردیے۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانےسےمتعلق صدارتی ریفرنس پرسپریم کورٹ میں سماعت ہوئی، چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ نےسماعت کی۔
اٹارنی جنرل خالد جاوید نے موقف اپنایا کہ صدر مملکت کی جانب سے ریفرنس دائر کیا گیا ہے اور آرٹیکل 226 کی تشریح کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے سوال کیا کہ آپ کےمطابق آئین ،قانون کےتحت انتخابات کامختلف طریقہ کارہے؟
عدالت نے اسپیکر قومی اسمبلی، صوبائی اسمبلیوں کے اسپیکرز، الیکشن کمیشن، وفاقی اور صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ کوئی اورفریق چاہتاہےعدالت اسےبھی سنےتومعروضات عدالت میں جمع کراسکتا ہے۔ کیس کی مزید سماعت 11 جنوری تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔