لورالائی، اے ٹی ایم خراب، شہریوں کو مشکلات کا سامنا

335

لورالائی (این این آئی) لورالائی جو کہ ژوب ڈویژن کا ہیڈ کوارٹر اور صوبے کا دوسرا بڑا شہر ہے، اس وقت اکثر بینکوں کی اے ٹی ایم مشینیں عارضی طور پر خراب ہیں، بعض میں کیش کی قلت سے سرکاری ملازمین اور عام شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، لوگ کئی کئی بار بینکوں کا چکر لگاتے ہیں لیکن کسی بھی بینک میں انہیںکیش نہیں ملتا، لورالائی میں تمام اہم سرکاری اور غیر سرکاری بینک موجود ہیں لیکن اس کے باوجود بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں میں کیش کا فقدان اکثر دیکھنے میں آتا ہے۔ شہری اور بزرگ اب بھی روایتی طور پر قطاروں میں اپنے چیک کیش کرانے کے لیے کھڑے رہتے ہیں ایک تو شہریوں کے وقت کا ضیاع ہوتا ہے اور دوسری جانب ٹریفک کا مسئلہ بھی سڑکوں پر گاڑیوں کے کھڑے ہونے سے درپیش ہوتا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے آنے سے شہری کسی بھی وقت اے ٹی ایم سے اپنی ضرورت کے مطابق کیش نکال سکتے ہیں لیکن اب یہ سہولت کے بجائے لوگوں کے لیے زحمت بنتی جارہی ہے۔ عوامی حلقوں نے تمام بینکوں کی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو سرکاری ملازمین اور عام لوگوں کو کیش کی ضرورت پڑتی ہے اور لوگ اپنی شاپنگ کے لیے کسی بھی فرصت کے لمحات میں وقت نکال کر اے ٹی ایم مشین سے اپنا کیش نکال سکتے ہیں، لہٰذا فوری طور پر جو مشین اس وقت خراب ہیں ان کی مرمت کرالیں اور چوبیس گھنٹے کیش ان اے ٹی ایم مشینوں میں ڈالا جائے تاکہ کسی کو بھی زحمت اور مشکل پیس نہ آئے۔