سکھر، ڈی ایچ او گھوٹکی اور ضلعی ہیڈ کوارٹر اسپتال میرپور ماتھیلو پر چھاپے

127

سکھر (نمائندہ جسارت) اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سکھر زون ٹیم کے ڈی ایچ او گھوٹکی اور ضلع ہیڈ کوارٹر اسپتال میرپور ماتھیلو پر چھاپے، دواؤں کی خریداری میں مبینہ خورد برد کی شکایات پر مارے گئے۔ صوبائی وزیر برائے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ جام اکرام اللہ دھاریجو کی ہدایت پر صوبے بھر میں کرپشن کیخلاف جاری مہم کے دوران اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سکھر زون کی ٹیم نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سکھر عبد الحق قریشی کی سربراہی میں ڈی ایچ او گھوٹکی کے دفتر اور ضلع ہیڈ کوارٹر اسپتال میرپور ماتھیلو پر چھاپے مارے۔ چھاپے جوڈیشل مجسٹریٹ کی موجودگی میں مارے گئے۔ واضح رہے کہ محکمہ اینٹی کرپشن سکھر زون کو ڈی ایچ او گھوٹکی اور ضلع ہیڈ کوارٹر اسپتال میں دواؤں کی خریداری میں مبینہ خورد برد کی شکایات موصول ہوئیں تھیں۔ ان چھاپوں کے دوران دواؤں کی خریداری کا دو سالہ ریکارڈ بھی تحویل میں لے لیا گیا۔ مشیر نامہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کرپشن میں ملوث تمام عناصر کی ہر ممکن حوصلہ شکنی کی جائے۔