ٹھٹھہ (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ نیشنل ڈائیلاگ وزیراعظم کے استعفے کے بغیر ممکن نہیں‘ ضمنی انتخابات ہوں یا سینیٹ الیکشن، ہم ہر میدان میں حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے‘ ایک نالائق اور نااہل وزیر اعظم ہم پر مسلط کیا گیا‘ پاکستان معاشی ترقی کی شرح میں بنگلادیش سے بھی پیچھے ہے‘ آج خطے میں سب سے زیادہ مہنگائی پاکستان میں ہے‘ عوام کو نااہل حکومت کی وجہ سے مہنگائی کا بوجھ اٹھانا پڑرہا ہے‘ اگر وزیراعظم کے پاس مسائل کا حل نہیں تو انہیں مستعفی ہونا چاہیے‘ وزرا سازش کر رہے ہیں لیکن پی ڈی ایم متحد ہے‘ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ پی ڈی ایم کا ساتھ دیں‘ سب مل کر اس نااہل حکومت کو گھر بھیجیں گے اور عوامی حکومت لائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹھٹھہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جیت پیپلز پارٹی کی جیت اور پیپلز پارٹی کی جیت پی ڈی ایم کی جیت ہے اس لیے کہ ہم ایک ہیں‘ تمام فیصلے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے ہوں گے‘ جب تک کٹھ پتلی نظام چل رہا ہے‘ اس وقت تک نیشنل ڈائیلاگ ممکن نہیں‘ قومی ڈائیلاگ اسمبلی میں ہوسکتے ہیں لیکن پہلے وزیر اعظم مستعفی اورحکومت گھر جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو گیس، بجلی بلز اور کھانے پینے کی اشیا کا اضافی بوجھ صرف اس لیے اٹھانا پڑ رہا ہے کہ ہم پر ‘ناجائز، نااہل وزیراعظم’ مسلط کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ اور بلوچستان کے جزائر پر قبضہ کرنے کی سازش کے خلاف پیپلز پارٹی کی آواز سب سے بلند ہے۔ بلاول زرداری نے کہا کہ مچھ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں‘ حکومت نیشنل ایکشن پلان کو بھول چکی ہے‘ وفاقی حکومت سیاست کے بجائے کام پر توجہ دیتی تو اس طرح کے مسئلے نہ ہوتے۔ حکومت سے مطالبہ کیا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔