بھارت بے نقاب ہوگیا‘ اللہ پاکستان کو اندرونی خلفشار سے بچائے‘ شاہ محمود

241
ملتان: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی فلائی اوور کے سنگ بنیاد رکھنے پر میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

ملتان (آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کی پاکستان کے خلاف منصوبہ بندیاں بے نقاب ہو گئی ہیں، اللہ پاک پاکستان کو اندرونی انتشار سے محفوظ رکھے، ای یو ڈی انفولیب کے ذریعے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے۔ ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ ڈوزیئر کی شکل میں بھارت کے منصوبوں کو بے نقاب کیا اور ڈوزیئر سے بھارت کے ناپاک عزائم کی دنیا بھر میں تشہیر کی گئی۔ بھارت پاکستان کے خلاف جو منصوبہ بندی کر رہا ہے وہ بے نقاب ہو گئی ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ معیشت کا پہیہ چلے گا تو روزگار مواقع پیدا ہوں گے جبکہ فیصل آباد میں اس وقت لیبر نہیں مل رہی۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے کی بنیاد رکھ دی ہے اب ہم رہیں یا نہ رہیں لیکن یہ منصوبہ مکمل ہو گا۔ جنوبی پنجاب کا سیکرٹریٹ ملتان میں ہی قائم ہو گا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ملتان کا مدنی چوک فلائی اوور ایک سال میں مکمل کر دیا جائے گا جس کی منظوری ہو چکی ہے۔ یہ منصوبہ 41 کروڑ 64 لاکھ روپے میں مکمل ہو گا۔ ہم معاہدوں کے وعدے نہیں ان کی تکمیل کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس مطالبے کے لیے احتجاج ہوئے، سڑکیں بند کی گئیں اور یہاں راستے کی بندش کی وجہ سے کاروبار متاثر ہوا۔ ملتان کا سب سے بڑا مسئلہ پینے کے صاف پانی کی دستیابی اور سیوریج ہے۔