لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے مچھ میں افسوسناک واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ حکمران عوام پر رحم کریں اور ان کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ نئے سال کے آغاز پر دو اندوہناک حادثات نے قوم کوہلا کر رکھ دیاہے ، لیکن حکمران ہیں کہ سنجیدہ ہونے کا نام ہی نہیں لے رہے،ملک دشمن عناصر پاکستان کے خلاف سرگرم ہیں اور وزراءبیان بازی میں مصروف ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ حکومت مچھ واقعے میں شہید ہونے والے کاکنوں کےاہل خانہ کی ہرممکن مالی مدد کرے اورسازش بےنقاب کرے،بلوچستان لہو لہان، سازشیں عروج پر ہیں، عوام کے دل و دماغ حکمران اشرافیہ کےخلاف نفرت سے بھرے پڑے ہیں ۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ حکمران سنجیدہ رویہ اختیار کریں، اپوزیشن کو دبانے کی بجائے امن و امان کی طرف توجہ دیں، امن و امان کا قیام حکومت کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔