کراچی (ا سٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی نوید احمد شیخ کا کہنا ہے کہ کے ایچ اے کا فری ونٹر ہاکی کیمپ پورے ملک کے لیئے ایک مثال ہے۔یقین ہے کہ کیمپ ہاکی کی بحالی میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔مالی مسائل کے حل کے لئے کے ایچ اے کی ہر ممکن مدد کریں گے، کے ایچ اے کے تحت دوسرا کیمپ وائی ایم سی اے گرائونڈ میں لگایا جائے گا،انہوں نے ان خیالات کا اظہار کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے گرائونڈ میں جاری ونٹر ہاکی کیمپ کے دورہ کے موقع پر کیا۔ کمشنر کراچی نے 3سال سے 9 سال تک کے عمر پر مشتمل بچوں کے میچ بھی دیکھے۔ کمشنر کراچی کو کیمپ کی تفصیلات سے اگاہ کرتے ہوئے کے ایچ اے کے سیکریٹری حیدر حسین نے کہا کہ کیمپ میں 3 سے 25 سال تک کی عمر کے شریک 950 سے زائد کھلاڑیوں کو مختلف گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اندرون ملک سے شریک کھلاڑیوں سمیت سب کو ہاکی اور کلر کٹ سمیت تمام سہولت مفت دی جارہی ہیں، اس موقع پر کے ایچ اے کے کونسل ممبر محسن علی خان، ہیڈ کوچ امتیاز الحسن اور انٹرنیشنل ہاکی پلیئر پرویز اقبال بھی موجود تھے، کمشنر کراچی نوید احمد شیخ کا مزید کہناتھا کہ کے ایچ اے کی طرح ملک کے دیگر علاقوں میں بھی کیمپ لگائے جائیں تو ملک کو قومی کھیل کے لئے بے پناہ ٹیلنٹ مل سکتا ہے۔ کمشنر کراچی کا کہناتھا کہ وائی ایم سی اے گرائونڈ میں زیر تعمیر ہاکی گرائونڈ کی تکمیل کے بعد کے ایچ اے کے تحت دوسرا کیمپ لگایا جائے گا۔ ونٹر کیمپ میں شریک کھلاڑیوں بالخصوص 3 سے 9 سال کے بچوں میں ٹیلنٹ دیکھ کر یقین ہوچلا ہے قومی کھیل کی کامیابی کا سفر جلد شروع ہوگا۔ کمشنر کراچی نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کراچی فرحان صدیقی کو کے ایچ اے کے اطراف جھاڑیوں کی صفائی کی ہدایت بھی کی۔