سکھر،12 انچ قطر کی پائپ لائن پھٹ گئی ،متعدد علاقوں میں پانی کی قلت

413

سکھر (نمائندہ جسارت) پرانا سکھر نمائش چوک 12انچ قطر کی پائپ لائن پھٹ گئی، مائیکرو کالونی، بھوسہ لائن، قریشی گوٹھ، نیو پنڈ، گلشن کالونی سمیت دیگر علاقوں میں پانی کی قلت، علاقہ مکین دور دراز سے پانی بھرنے اور خریدنے پر مجبور، متاثرہ علاقہ مکینوں کا حکام سے نوٹس لے کر پانی کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ۔ سکھر میونسپل کارپوریشن اور محکمہ پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی نااہلی کے باعث پرانا سکھر نمائش چوک میں علاقے کو فراہمی آب کی 12 انچ قطر کی پائپ لائن اچانک پھٹ گئی، جس کے نتیجے میں پرانا سکھر کے مختلف علاقوں مائیکرو کالونی، قریشی گوٹھ، نیو پنڈ، گلشن کالونی، درزی محلہ، پٹھان کالونی سمیت دیگر علاقوں میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی۔ فراہمی آب معطل ہونے کی وجہ سے متاثرہ علاقے کربلا کا منظر پیش کررہے ہیں اور علاقہ مکین دور دراز علاقوں کے ہینڈ پمپ اور واٹر فلٹروں سے پانی بھرنے اور پیسے کے عوض بازار سے پانی خریدے پر مجبور دکھائی دے رہے ہیں۔ پانی کی قلت پر سکھر کے شہری حلقوں سمیت متاثرہ علاقہ مکینوں نے بتایا کہ فراہمی آب کی لائن انتہائی خستہ ہوچکی ہے اور خستہ اور بوسیدہ ہونے کی وجہ سے آئے روز پانی کی لائن ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجاتی ہے۔ گزشتہ روز بھی لائن پھٹ جانے کی وجہ سے علاقوں میں پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ پانی کی لائن کی درستگی کے سلسلے میں متعلقہ محکموں کو اطلاع کی مگر افسوس ہمارا کوئی پرسان حال نظر نہیں آرہا۔ متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے وزیر بلدیات، کمشنر سکھر، انجینئر محکمہ پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ سمیت دیگر حکام سے نوٹس لے کر لائن درست کراکے متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی یقینی بنانے سمیت غفلت برتنے والے متعلقہ محکموں کے افسران اور عملے کیخلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لانے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔