لاہور(صباح نیوز)مسلم لیگ(ن)کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کے پیچھے اسرائیلی، بھارتی لابی ہے، فنڈنگ کے ثبوت ہیں،پی ڈی ایم کے خلاف حکومتی ترجمانوں کے پروپیگنڈے سے ہماری تحریک متاثر نہیں ہو گی،ہم اپنے ٹائم ٹیبل کے مطابق کامیابی سے آگے بڑھ رہے ہیں اور اس حکومت کو گھر بھیج کر دم لیں گے ۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے جسے ہم اس ملک سے ہمیشہ کے لیے ختم کر دینا چاہتے ہیں۔احسن اقبال نے اعلان کیا کہ19 جنوری کو پی ڈی ایم الیکشن کمیشن کے سامنے بھرپور مظاہرہ کرے گی کیونکہ عمران خان 6سال سے فارن فنڈنگ کیس میں این آر او لے کر سیاست کر رہے ہیں،فارن فنڈنگ کیس کا اگر میرٹ پر فیصلہ ہو تو عمران خان اور تحریک انصاف کی سیاست ختم ہو جائے گی کیونکہ عمران خان کے پیچھے اسرائیلی اور بھارتی لابی کی فنڈنگ کے ثبوت موجود ہیں، عمران خان کے پیچھے پاکستان دشمن لابی کی فنڈنگ کے ثبوت موجود ہیں، انہیں چھپایا جا رہا ہے، ان پر کارروائی نہیں ہونے دی جارہی، ہم یہ سوال پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ نواز شریف کا کیس ہو تو ایک مہینے میں فیصلہ ہو لیکن عمران خان کا فیصلہ ہو تو 6،6 سال فیصلہ نہیں ہوتا،اس کی کیا منطق اور دلیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ این آر او ہے جس پر عمران خان پاکستان پر مسلط کیا گیا ہے، جس کے اوپر پاکستان میں سیاست کررہا ہے تو وہ شخص جو دوسروں کو این آر نہیں دوں گا کی رٹ لگاتا ہے، سب سے بڑا’’مدر آف این آر او‘‘تو اس کے پاس ہے جو فارن فنڈنگ کا این آر او ہے کہ 6سال سے اس کیس کو دفن کر کے رکھا گیا ہے۔