اسلام آباد (صباح نیوز)قومی احتساب بیورو(نیب)راولپنڈی نے ن لیگی رہنما اورسابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف بھرتیوں کی نئی تحقیقات شروع کرتے ہوئے انہیں 10 سوالات پر مشتمل سوالنامہ بھجوادیا ۔ نیب نے دس صفحات پرمشتمل سوالنامے کا جواب 10جنوری تک جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ نیب نے شاہد خاقان عباسی سے پوچھا ہے کہ انہوں نے بطور وزیر اعظم اور بطور وزیر پیٹرولیم عدنان گیلانی کو کیسے پہلے چیف آپریٹنگ آفیسر اور پھر چیف ایگزیکٹو آفیسر ایل این جی لمٹڈ تعینات کیا، یہ من پسند تقرر کیا گیا اور اس میں قوا عد وضوابط کو نظر انداز کیا گیا، وزیر اعظم آفس اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ا عتراضات کے باوجود یہ تقرر کیسے کیا گیا۔ سوالنامے میں کہا گیا ہے کہ عدنان گیلانی کا پیٹرولیم انڈسٹری کا کوئی تجربہ نہیں تھا اس کے باوجود ان کا تقرر کیسے ہوا۔ شاہد خاقان عباسی کے خلاف نئی انکوائری شروع کرنے کی منظوری مجاز اتھارٹی کی جانب سے دی گئی۔