لاہور: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ ہم پر اگر غداری کا مقدمہ کیا تو 72 گھنٹوں میں یہ حکومت نہیں رہے گی، اب ہمیں کٹھ پتلی کے پشت پناہی کرنے والوں کو بھی عوام کے سامنے لانا ہے۔
مولانا فضل الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 21 جنوری کو ہم کراچی میں اسرائیل نامنظور ریلی نکالیں گے اور 31 جنوری تک استعفوں کے لیے مہلت دے رہے ہیں، استعفوں کے بعد لانگ مارچ ہو گا۔
پی ڈی ایم کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ جعلی حکومت سے ہم مذاکرات نہیں کر سکتے،ہم سب اعتماد کے ساتھ مل کر چل رہے ہیں اور سب جماعتیں اکٹھی ہیں، نیب قومی نہیں انتقامی ادارہ ہے۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ میری جماعت میں ٹوٹ پھوٹ نہیں بلکہ کانٹ چھانٹ کا عمل شروع ہوا ہے، امید ہے تحفظ فراہم کرنے والے قانون کا احترام کریں گے۔