کراچی(اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم نے ارکان کے استعفے اسپیکرز کے پاس جمع کرانے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا،استعفے صرف اپنی اپنی پارٹی قیادت کے پاس جمع کرانے کی31دسمبر تک ڈیڈ لائن تھی ، جس کے تحت پیپلز پارٹی کے تمام ارکان نے اپنے استعفے پارٹی چیئرمین بلاول اورشریک چیئرمین آصف علی زرداری کے پاس جمع کرادیے ہیں،پی ڈی ایم نے سینیٹ یا ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا بھی کوئی فیصلہ نہیں کیا تھا اگر ایسا کوئی فیصلہ ہوتا تو (ن) لیگ اسلام آباد کے میئر کے انتخاب میں حصہ نہ لیتی، شاہ محمود قریشی اپنی بلوغت اپنے پاس رکھیں وہ استعفوں کی فکر نہ کریں ہمیں پتا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کو کیسے گھر بھیجنا ہے، ان کو گھر بھیج کر رہیںگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی خود مختاری چھیننا چاہتی ہے، سندھ کے جزائر اور وسائل پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہم کسی صورت صوبائی خودمختاری سمیت سندھ ودیگر حقوق سے دستبردار نہیں ہوںگے اور کسی کو سندھ کے وسائل پر قبضہ کرنے نہیں دیںگے، اگر سندھ کے وسائل پر قبضہ کرنے کی سوچ کو ترک نہیں کیا گیا تو پھر سندھ کے عوام جنگ کریں گے۔