سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگ بند کرنے پر غور کررہے ہیں، شیخ رشید

373

پشاور(صباح نیوز) وزیرداخلہ شیخ رشیدنے کہاہے کہ سابق وزیر اعظم نوازشریف کو واپس لانے کیلیے پوری کوشش کی جا رہی ہے،ان کا پاسپورٹ ری نیو نہیں ہوگا، سیاسی جماعتوں کے عسکری تنظیمو ں کو بند کرنے پر غور کررہے ہیں،طورخم دورے کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان کی تو کوئی سیٹ نہیں، وہ بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ کی طرح ہیں، ان کا قومی سیاست میں کوئی کردار نہیں رہا، مولانا کا پلان اپوزیشن کو بند گلی میں لے جانیکا ہے، سمجھ دار سیاستدان کبھی مذاکرات کے دروازے بند نہیں کرتا اور نہ کبھی بندگلی میں داخل ہوتا ہے، آج ہونی ہے کل ہونی ہے بالآخر بات چیت ہونی ہے، مولانا فضل الرحمان سے کہتاہوں کوئی بحران پیدا نہیں ہوگا ، آج بھی کہتا ہوں اگر آپ وفا کریں گے تو ہم بھی وفا کریں گے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ16 فروری کو نوازشریف کا پاسپورٹ ری نیو نہیں ہوگا،منسوخ تصور ہوگا، نوازشریف کو واپس لانے کیلیے پوری کوشش کی جا رہی ہے، برطانوی حکومت کیساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہے، عمران خان مافیا کے خلاف ننگی تلوار لے کر لڑرہے ہیں، آٹا چوروں کیخلاف بھی لڑ رہے ہیں، اس سال مہنگائی ختم کرکے دم لیں گے، وہ اپنے پانچ سال پورے کریں گے۔وزیرداخلہ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے عسکری تنظیمو ں کو بند کرنے پر غور کررہے ہیں، انڈین کرونیکل کے نام سے 15سال سے پاکستان کے خلاف پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے، سیاسی جماعتوں کو مکمل آزادی ہے مگر عسکری قوت کے خلاف آزادی نہیں، فوج کے خلاف غیرشائستہ زبان پر قانون حرکت میں آئے گا، کسی کو پاک فوج کے خلاف بات کی اجازت نہیں دیں گے، سیاست میں ملوث این جی اوز کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔