اسلام آباد (آن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ افغانستان کے ساتھ تجارتی حجم میں اضافہ ترجیح ہے، دیرینہ برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے افغانستان کے وزیر برائے تجارت و صنعت ناصر احمد غوریانی سے بات چیت کرتے ہوے کیا جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تجارت کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا موجودہ پارلیمنٹ افغانستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون اور تجارتی حجم میں اضافے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اْٹھا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا سی پیک منصوبہ خطے کی ترقی اور خوشحالی کا منصوبہ ہے اور افغانستان اس منصوبے کی وجہ سے خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ تجارت کا گیٹ وے ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا سی پیک کے تحت وسطی ایشیائی ممالک تک تجارتی حجم کو بڑھانے کے لیے افغانستان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ افغانستان وزیر تجارت ناصر احمد غوریانی نے کہا کہ افغان امن معاہدے طے پانے میں پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے، دیرپا امن کے لیے پاکستان کا تعاون ضروری ہے۔پاکستان کے صنعتی شعبے سے استفادہ کریں گے۔ افغان وزیر نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان کے مابین تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پاکستانی پارلیمان کا کردار لائق تحسین ہے ۔