پشاور(این این آئی /اے پی پی )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کرک کے علاقہ ٹیری میں مندر کو آگ لگانے اور مسمار کرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ واقعہ افسوس ناک ہے، ملوث عناصرکو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا، اقلیتوں کے جان ومال اورعبادت گاہوں کے تحفظ کو ہرصورت یقینی بنایا جائے گا۔قبل ازیں کرک کے علاقے ٹیری میں قائم شری پرم ہنس کی سمادھی کو مشتعل افراد نے مسمار کر دیاتھا۔پولیس کے مطابق اس مندر سے متصل زمین پر تنازع چل رہا ہے، مندر کے ساتھ نئی عمارت تعمیر کرنے پر علاقے کے لوگ مشتعل ہو گئے اور مندر کی عمارت کو آگ لگا کر مسمار کر دیاتھا۔اس حوالے سے پاکستان کونسل آف ورلڈ رلیجن کے رکن اور وزیراعظم عمران خان کے ٹاسک فورس برائے مذہبی سیاحت کے رکن ہارون سربدیال کا کہنا ہے کہ یہاں ہمارے مذہبی پیشوا کی سمادھی موجود ہے ، جس کو مسماری کیے جانے سے ہندؤوں کے مذہبی احساسات کو دھچکا لگا ہے حکومت کو اس واقعے پرکارروائی کرنی چاہیے۔