ٹھٹھہ، کوہستانی علاقوں میں پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا

324

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ٹھٹھہ اور جامشورو ضلعوں کے کوہستانی علاقوں میں پانی ختم ہونے کے سبب دوبارہ قحط سالی کا خطرہ، کوہستانی علاقوں کے افراد پانی کے لیے سخت پریشان، رہائشیوں کا مظاہرہ، پانی سمیت تمام بنیادی سہولیات مہیا کرکے عوام کو پریشانی سے بچایا جائے، مظاہرین کا مطالبہ۔ کوہستانی علاقے کے گوٹھ وڈیرو حبیب خاصخیلی اور دیگر کے سیکڑوں رہائشیوں نے پانی سمیت دیگر بنیادی سہولیات مہیا نہ ہونے کیخلاف ایک احتجاجی مظاہرہ شاہنواز خاصخیلی، گل بہار، کانڈیرو، دھنی بخش، جمیل، رضا محمد اور دودو خاصخیلی کی قیادت میں کیا گیا۔ اس موقع پر مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا کہ ٹھٹھہ اور جامشورو ضلعوں کے کوہستانی علاقوں میں برسات کا پانی ختم ہونے کی وجہ سے صورتحال قحط سالی کی سی ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح ہمارے گائوں میں پینے کے پانی، تعلیم، صحت، سڑکوں جیسی کوئی سہولیات موجود نہیں، ہمارے بچے تعلیم سے محروم ہیں، سڑکیں نہ ہونے کے باعث گائوں سے شہروں کو جانے والے مریض رستے میں ہی دم توڑ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دراوڑ ڈیم قریب ہونے کے باوجود اس سے نہ پینے کے لیے ہمیں پانی ملتا ہے نہ زمینوں کے لیے، جس کی وجہ سے ہماری زمینیں بھی بنجر ہوتی جارہی ہیں۔ منتخب نمائندے الیکشن سے پہلے عوام کے پاس آکر بڑے بڑے وعدے کرتے ہیں مگر جیتنے کے بعد نظر ہی نہیں آتے۔ انہوں نے حکام بالا اور منتخب نمائندوں سے اپیل کی کہ ان کو بنیادی سہولیات مہیا کی جائیں، بصورت دیگر مسئلہ حل نہ ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔