کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اورسندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈرحلیم عادل شیخ ،پی ٹی آئی رہنما،بیت المال سندھ کے سربراہ حنید لاکھانی نے کہا ہے بلاول زرداری کہہ رہے ہیں کہ پارٹی قیادت کے پاس استعفے جمع ہورہے ہیں، اگر ہمت ہے تو استعفے اسپیکر کوبھجوائیں۔ عمران خان استعفے کی دھمکیوں سے نہیں ڈرتا ،بلاول کے پاس ایٹم بم نہیں کرپشن بم ہے جس نے سندھ کو تباہ کر دیا ہے۔وہ حنید لاکھانی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ حلیم عادل شیخ نے کہاکہ قومی امور پر ڈائیلاگ کا راستہ کھلا ہوتا ہے، کرپشن پر ڈائیلاگ نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہاکہ بلاول نے تحریک چلانی ہے تو سندھ کے مسائل پر چلائیں ہم حاضر خدمت ہیں۔سندھ حکومت نے عوام کو بھوک اور بدحالی میں اکیلا چھوڑ دیا ہے، سندھ میں ہیلتھ کیئر سسٹم تباہ ہو گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ سندھ میں ہزاروں افراد کو اسلحہ لائسنس جاری کردیے گئے، ہم نے وزارت داخلہ سندھ کو خط لکھا ہے، تفصیلات دی جائیں یہ لائسنس کہاں استعمال ہورہے ہیں؟ کس قانون کے تحت اتنی تعداد میں بغیر تصدیق کے یہ لائسنس جاری کیے گئے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما حنید لاکھانی نے کہا کہ پی ڈی ایم کا بھانڈا پھوٹ گیا جو بغاوت کرنے چلے تھے ان کے گھر میں بغاوت ہوگئی۔