پانی قلت کیخلاف سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے باہرمظاہرہ

161

کراچی(اسٹاف رپورٹر) بلدیہ ٹائون کے مکینوں کاپانی کی شدید قلت اور سرکاری ہائڈ رنٹ کی بندش کے خلاف سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے باہر احتجاج۔تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹائون میں پانی کی شدید قلت اور علاقہ کے واحد سرکاری ہائیڈرنٹ کی بندش کے خلاف بدھ کی صبح سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں بڑی تعدادمیں علاقہ کی خواتین اور مردوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر متاثرین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ ٹائون میں پانی کی قلت کا مسئلہ برسوں پرانا ہے60 فیصد علاقے میں پانی کی لائنیں موجود نہیں ہیں۔ پانی حاصل کرنے کا واحد ذریعہ سرکاری ہائیڈ رنٹ تھا جہاں سے کم نرخوں میں پینے کا صاف پانی مل جاتا تھا مگر اب وہ بھی بند کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے بلدیہ کے عوام کوپانی کے حصول کے لیے 50 کلومیٹر دور پہاڑی اور دشوار گزار علاقہ کرش پلانٹ کے ہائیڈرنٹ سے انتہائی مہنگے داموں پانی کا ٹینکر لانا پڑ رہا ہے مظاہرین نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد سے اپیل کی ہے کہ بلدیہ ٹائون میں پانی کی شدید قلت اور علاقہ کے واحد سرکاری ہائیڈرنٹ کی بندش کا از خود نو ٹس لیتے ہوئے بلدیہ میں پانی کا مسئلہ حل کرائیں۔