کمپیوٹرسے ٹائپ شدہ استعفے غیرقانونی ہیں‘ شیخ رشید

162

اسلام آباد (آن لائن) وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے آصف علی زرداری نے کرمنالوجی میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے‘جیل کی سختیوں سے بچنے کے لیے کیا کیا طریقے اپنائے جاتے ہیں‘ وہ سب سیاستدانوں سے زیادہ جانتے ہیں‘ پی ڈی ایم کی لڑائی عمران خان سے زیادہ نیب کے ساتھ ہے‘ لڑائی یہ ہے کہ کیس ختم کردیں‘ لونگ مارچ اور لانگ مارچ میں فرق ہوتا ہے۔ پیر کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اپوزیشن کے جن اراکین نے ٹائپ شدہ کمپیوٹرائزڈ استعفے بنائے ہیں وہ غیر قانونی ہیں ان کی کوئی حیثیت نہیں‘ ہاتھ سے تحریر کرنا ہوتا ہے‘ مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی مرتضیٰ عباسی، اسپیکر کے پاس جائیں اور کہیں کہ میں نے تو استعفا دیا ہی نہیں، یہ میں نے امیر مقام کو دیا تھا انہوں نے دشمنی میں اسپیکر تک پہنچا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے پوری امید ہے کہ اپوزیشن سینیٹ کے انتخابات میں حصہ لے گی اور دعویٰ کیا کہ پی ڈی ایم استعفوں پر دوبارہ غور کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے ابھی لانگ مارچ کے استقبالیہ کیمپ لگانے کی ہدایت نہیں ملی‘ جے یو آئی (ایف) میں ایک آدھ کو چھوڑ کر سب پر امن لوگ ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ انہوں نے ضیاالحق کی تابعداری کی ان کے جوتے پالش کیے ‘ جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 کی پیداوار بھی یہی ہیں۔