لاہور( نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ 2020 ء عوام کے لیے مشکل ترین اور اب 2021 ء حکومت کے لیے بہت دشوار ہوگا۔ وزیراعظم کی یہ بات سن سن کر عوام کے کان پک گئے کہ گھبرانانہیں۔اب 2021 ء میں عوام وزیراعظم سے کہیں گے کہ اب آپ نے گھبرانانہیں۔ جماعت اسلامی حقیقی اپوزیشن ہے ، عوام کا مقدمہ پوری قوت
سے لڑے گی۔ وزیراعظم کی سیاسی کشتی بھنور میں ہے ۔ ملک میں تاحال کوئی مثبت پیش رفت نہ ہوئی ۔ پی ٹی آئی حکومت مکمل ناکام ہوچکی ، عوام کی مایوسی دن بدن گہری ہو رہی ہے ۔ مختلف اداروں میں اصلاحات کے دعوئوں کی کہانیاں ، بیانات اور پریس کانفرنسوں سے آگے نہ بڑھ سکیں ۔ملک میں جرائم کی شرح میں اضافہ تشویشناک ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اسلام آباد میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ یکم جنوری سے پیٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی بات کی جارہی ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں ۔ حکومت نے رواں سال کئی دفعہ عوام پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کا بم گرایاہے ۔ آج خطے میں مہنگائی کی شرح کے حوالے سے پاکستان سب سے آگے نکل چکاہے۔ یہی پی ٹی آئی دعویٰ کرتی تھی کہ اقتدار میں آ کرپیٹرول کی 48 روپے فی لیٹر فراہمی کو یقینی بنائیں گے لیکن آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پہلی حکومتوں کے ادوار سے بھی زیادہ ہیں ۔ عوام کو تبدیلی کے نام پر سبز باغ دکھائے گئے اس کی اصل حقیقت اب منظر عام پر آچکی ہے ۔ وزیراعظم نے اگر اپنی روش تبدیل نہ کی اور مہنگائی ، بے روزگاری ، بدامنی جیسے بڑے مسائل کو دورکرنے کے اقدامات نہ اٹھائے تو آنے والے الیکشن میںپی ٹی آئی عوام کا سامنا نہیں کر سکے گی ۔ انہوںنے کہاکہ 2020 ء کورونا کی وجہ سے پوری دنیا کے لیے آزمائشوں کا سال رہا لیکن بدقسمتی سے ہمارے ملک میں حکمرانوں کی نااہلی ، ناکامی اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے مشکل ترین رہا ۔اگر حکومت نے اپنی روش تبدیل نہ کی تو 2021 ء حکومت کے لیے بہت دشوار ہوگا ۔ پاکستان کی موجودہ صورتحال کو دیکھا جائے تو ملک کے فہمیدہ حلقے تشویش میں مبتلا ہیں ۔ بلاشبہ وطن عزیز اس وقت خارجی و داخلی مسائل کاشکار ہے۔ ایک طرف بھارت نے ملک کا محاصرہ کیاہوا ہے اور وہ آئے روز کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ کرتاہے ۔ گزشتہ روز ہرنائی میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ اب تو خود وزیراعظم خود کہہ رہے ہیں کہ دہشت گردوں کو بھارتی پشت پناہی حاصل ہے ۔حکومت کو بھارت کی مداخلت اور دہشت گردی کو پوری دنیا میں بے نقاب کرنا چاہیے ۔ اگر حکمران کشمیر پر خاموشی اختیار نہ کرتے تو آج بھارت کو پاکستان کے اندر اس طرح کے واقعات کرانے کی جرأ ت نہ ہوتی ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی کے ملک بھر میں ہونے والے جلسوں میں شرکا کی بڑی تعداد حکومت کی پالیسیوں پر عدم اعتماد کا اظہار کر رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ نوجوانوں کی تعداد بتا رہی ہے کہ مستقبل میں جماعت اسلامی سرپرائز دے گی ۔انہوں نے کہاکہ اس ملک کے تمام مسائل کا حل اللہ اور رسول ؐ کے احکامات پر عمل کرنے میں ہے ۔ جماعت اسلامی موروثیت سے پاک ایک مکمل جمہوری اور ترقی پسند جماعت ہے ۔انہوں نے کہاکہ اللہ کے نظام کے نفاذ سے ہی حقیقی معنوں میں ہمارا ملک فلاحی اور خوشحال پاکستان بن سکتاہے ۔