سکھر (نمائندہ جسارت) مووی میکر اینڈ فوٹو گرافر کیمرہ مین یونین کی حلف برداری تقریب کا انعقاد سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر جاوید میمن نے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا، سکھر اور روہڑی کے مووی میکر، فوٹو گرافر وکیمرہ مینوں کی بڑی تعداد میں شرکت۔ شادی بیاہ ودیگر تقریبات کی عکس بندی کرنے والے مووی میکر فوٹو گرافر اور کیمرہ مینوں کی یونین کی حلف برداری تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ویڈیو اینڈ فوٹو گرافر سوسائٹی سکھر کے نومنتخب عہدیداران سرپرست اعلیٰ افتخار احمد عرف بھیا، صدر اعظم اعوان، سینئر نائب صدر ملک ندیم الدین، نائب صدر سمیع اللہ قریشی، جنرل سیکرٹری ملک زبیر کریم، محمد سلیم، عاشق جتوئی، ریاض راجپوت، اختر عباسی، عرفان علی گجر، کاشف کریم، محسن بوزدار و دیگر عہدیداران سے حلف لیا۔ اس موقع پر حلف برداری تقریب سے سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر جاوید میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے دوران سندھ بھر میں لاگو لاک ڈاؤن کے دوران دیگر کاروبار کے ساتھ ساتھ شادی بیاہ کی تقریبات منسوخ ہونے سے سکھر اور روہڑی سے تعلق رکھنے والے مووی میکر و فوٹو گرافروں کا نہ صرف کاروبار متاثر ہوا بلکہ اس کاروبار سے منسلک سیکڑوں کیمرہ مین بھی بے روزگار ہوئے۔ اس کاروبار سے منسلک دکانداروں کو مختلف مسائل کا سامنا ہے جس کی کے لیے یونین کا قیام خوش آئند عمل ہے اورامید ہے کہ نومنتخب عہدیدار اپنے مزدور بھائیوں کے مسائل کے حل اور انکے حقوق کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔