لاہور( نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ وزیراعظم اور ان کی کابینہ نقل کے باوجود فیل ہے ‘ پی ٹی آئی کی حکومت صرف کچھ اداروں کی مرہون منت ہے ‘ وزیراعظم کی تیاری نہیں تھی تو حکومت جیسے امتحان میں کیوں بیٹھے ‘پی ڈی ایم میں شامل نہ ہونے کی سب سے بڑی وجہ ان کا عوام کو دھوکے میں رکھناہے ‘ یہ نظام قاتلوں کے لیے ہے ، ظالم ، غاصب ، کرپٹ اور مافیاز آزادانہ دندناتے پھرتے ہیں کوئی بھی ان ظالموں کو آج تک سزا نہیں دے سکا ‘ بے نظیر بھٹو شہید کی برسی پر پیپلز پارٹی سے اظہار ہمدردی کرتاہوں لیکن گزشتہ 12 سال میں کئی بار پی پی پی کی حکومت کے باوجود بے نظیر بھٹو شہید کے قاتل گرفتار نہ ہونا پی پی اور پوری قوم کے لیے سوالیہ نشان ہے‘ اس ملک میں لیاقت علی خان ، جنرل فضل حق ، جنرل ضیاء الحق کے قاتل آج تک گرفتار نہ کیے جاسکے ‘ نقیب اللہ محسود کا قاتل آج بھی ہمارے پورے نظام کا مذاق اُڑا رہاہے ۔ جماعت اسلامی ذات پات اور موروثیت پر یقین نہیں رکھتی بلکہ ایک مکمل جمہوری اور ترقی پسند جماعت ہے ‘ جماعت اسلامی اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے حکومت مخالف جاری تحریک کے لکی مروت میں چھٹے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جلسہ عام سے نائب امیر جماعت اسلامی پروفیسر محمد ابراہیم خان ، امیر جماعت اسلامی کے پی کے سینیٹر مشتاق احمد خان ، کے پی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر عنایت اللہ خان، عزیز اللہ خان مروت ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ آج پاکستان کو بڑے خطرات درپیش ہیں۔ بھارت نے اس وقت ہمارے ملک کا محاصرہ کیا ہوا ہے۔ وزیراعظم کہتے تھے کہ کشمیر کا سفیر بنوں گا، انہوں نے کشمیر کا سفیر بننے کا اعلان کر کے مقبوضہ کشمیر بھارت کے حوالے کر دیا۔ ان حکمرانوں کے ہاتھوں میں ہمارا ملک محفوظ نہیں ہے۔ آج بھی آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے نمائندے اسلام آباد میں فیصلوں پر اثرانداز ہو رہے ہیں۔ آئی ایم ایف کے دباؤ کی وجہ سے بجلی گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے اور پہلے سے مہنگائی کے بوجھ تلے پسی ہوئی عوام پر مزید بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر دباؤ ہے کہ وہ اسرائیل کو تسلیم کرے، ہم کسی صورت بھی قبلہ اول کی سر زمین سے دستبردار نہیں ہوسکتے‘ یہ وہ مقدس گھر ہے جس میں نبی اکرم ؐ نے تمام انبیاء کرامؑ کی امامت کرائی۔ سینیٹر سراج الحق نے بچے اور بچیوں سے زیادتی کے ملزم کو نامرد کرنے کی سزا پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے تمام مسائل کا واحد حل اسلامی قوانین پر عملدرآمد ہے۔ اللہ اور اس کے رسولؐ کے بنائے ہوئے قوانین کی موجودگی میں کسی نئے قانون کو نہیں مانتے۔ انہوںنے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں موقع دیا تو یہاں سے سودی نظام کا خاتمہ اور یکساں نظام تعلیم کا نفاذ کیا جائے گا۔ تمام کرپٹ عناصر کا بلاتفریق احتساب جماعت اسلامی ہی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ کی ریاست کا اعلان کرنے والے سودی معیشت کے خاتمے، ایک کروڑ نوکریاں، 50 لاکھ گھر، وزیراعظم ہاؤس اور گورنر ہاؤسز کو یونیورسٹیوں میں تبدیل کرنے، کسی کے سامنے ہاتھ نہ پھیلانے، سبز پاسپورٹ کو عزت دلانے کے دعوے دار ایسے سو سے زائد وعدوں پر یوٹرن لے چکے ہیں اور اس پر قوم کے سامنے شرمندہ ہونے کے بجائے ڈھٹائی سے اپنے ڈگر پر چلے جا رہے ہیں۔ انہیں عوام کو سبز باغ دکھانے کی روش سے باز آنا ہوگا۔ ہماری حکومت مخالف تحریک جاری رہے گی ملک بھر میں بڑے پیمانے پر جلسوں کا شیڈول جلد جاری کریں گے۔