کراچی(اسٹاف رپورٹر)لاڑکانہ کے گڑھی خدا بخش میں 27 دسمبر کو شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے مزار کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس اور ڈویژنل / ضلعی انتظامیہ کو فول پروف سیکورٹی اور دیگر انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ پارٹی اور ملک کے عوام کے لیے یہ ایک اہم اور میگا ایونٹ ہے لہٰذا اسی کے مطابق ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کے سینئر مشیر نثار کھوڑو ، صوبائی وزرا ناصر شاہ اور سہیل انور سیال ، آئی جی پولیس مشتاق مہر اور وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری ساجد جمال ابڑو نے شرکت کی جبکہ دیگر میں لاڑکانہ کے ایم این اے خورشید جونیجو ، پارٹی رہنما جمیل سومرو ، اعجاز لغاری ، کمشنر اور ڈی آئی جی ، ڈی سی اور ایس ایس پی لاڑکانہ نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں حصہ لیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جلسہ عام کے انتظامات پارٹی کررہی ہے، جہاں تک سیکورٹی کے انتظامات ، ٹریفک مینجمنٹ اور انتظامی اقدامات کا تعلق ہے توڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کو اپنا لائحہ عمل تیار کرنا چاہیے اور اسے ان کے ساتھ شیئر کرنا چاہیے ۔مراد علی شاہ نے کہا کہ اس بار پی ڈی ایم کی قیادت بھی شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی میں شرکت کر رہی ہے لہٰذا مزار میں پی ڈی ایم قیادت کے داخلی و خارجی راستوں کو مختص کیا جانا چاہیے ۔آئی جی پولیس نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ گڑھی خدا بخش میں عوامی جلسے کی نگرانی کے لیے ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریفک مینجمنٹ کے گائیڈلائین بھی جاری کردیے گئے ہیں۔ نثار کھوڑو ، سہیل سیال اور جمیل سومرو نے وزیراعلیٰ کو انتظامات سے متعلق آگاہ کیا ،جن میں انہوں نے پینے کے پانی کی فراہمی،بیت الخلا کی سہولیات،پارکنگ لاٹس، لائٹنگ انتظامات اور سائونڈ سسٹم شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنڈال کے7داخلی اور خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں گے،27 دسمبر کی صبح مزار پر قرآن خوانی ہوگی اور پھر لوگوں میں کھانا بھی تقسیم کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ خود مزار کا دورہ کریں گے اور انتظامات کا ذاتی طور پر جائزہ بھی لیں گے۔