پنجابیوں کیخلاف تقریر پر محمود خان اچکزئی آج عدالت طلب

264

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور کی سیشن عدالت نے مینار پاکستان میں پی ڈی ایم جلسے میں پنجاب کے عوام کے خلاف تقریر پر مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو طلب کر لیا، ایڈیشنل سیشن جج لاہور رضوان عزیز نے بدھ کو کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے محمود خان اچکزئی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آج بروز جمعرات طلب کر لیا، عدالت نے متعلقہ ایس ایچ او کو ہدایت کی کہ محمود اچکزئی کی حاضری یقینی بنائی جائے عدالت نے ایس پی ہیڈ کوارٹر سے بھی رپورٹ طلب کر لی۔ درخواست گزار مدثر چودھری ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ محمود خان اچکزئی نے13 دسمبر کے جلسے میں پنجاب کے عوام کے خلاف نفرت انگیز تقریر کی جس سے کروڑوں عوام کے جذبات مجروح ہوئے لہٰذا عدالت محمود اچکزئی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔