کراچی: چئیرمین قائمہ کمیٹی ورکس اینڈ سروسز و رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید کے لیاری جنرل اسپتال کے دورے کے دوران پیپلز پارٹی کے کارکنان نے ہلڑ بازی کرتے ہوئے اسپتال کو سیاسی اکھاڑہ بنا ڈالا۔
پیپلز پارٹی سے تعلق رکھتے والے پیرا میڈیکل اسٹاف نے اپنی ڈیوٹی انجام دینے کے بجائے سیاسی قیادت کے لیے اسپتال میں نعرے بازی کی۔ عملے اور بیرونی عناصر نے شور شرابا اور ہنگامہ برپا کیا جس سے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ عملے کی سیاسی سرگرمیوں میں مصروفیت کے باعث مریضوں کو در بدر کی ٹھوکریں کھانی پڑیں۔
بدھ کے روز جب چئیرمین قائمہ کمیٹی ورکس اینڈ سروسز سید عبدالرشید ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے لیے اسپتال پہنچے تو پیپلزپارٹی کے کارکنان نے کار سرکار میں مداخلت کرتے ہوئے اپنی قیادت کے حق میں نعرے بازی کر کے اسپتال کو سیاسی اکھاڑہ بنا ڈالا۔
میرا میڈیکل اسٹاف کی جانب سے شدید نعروں کے باوجود سید عبدالرشید نے اسپتال کے مختلف واڈز کا دورہ کیا، مریضوں سے ملاقاتیں کیں اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسپتال انتظامیہ نے چیئرمین کو ترقیاتی کاموں میں پیش رفت سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر سید عبدالرشید نے کہا کہ اسپتال کی تعمیر و ترقی کی راہ میں کسی کو رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔ کرپشن چھپانے کے لیے کارکنان کو بھیجنا اور دورے کو روکنے کی کوشش کرنا افسوسناک ہے۔
جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی نے مزید کہا کہ لیاری کی تعمیر و ترقی کے لیے اگر میری جان بھی چلی جاتی ہے تو پیچھے نہیں ہٹوں گا۔