ٹرانزیکشن کیس،آصف زرداری کی حاضری سے استثنا کی درخواست منظور

159

اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی آٹھ ارب روپے مشکوک ٹرانزیکشن کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت کی۔فاروق نائیک کے معاون نے التوا کی استدعا کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ فاروق نائیک سپریم کورٹ میں مصروف ہیں التوا دیا جائے۔ عدالت نے آصف زرداری کی حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کر لی۔ اس موقع پر نیب نے آصف
زرداری کی استثنا کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کی جانب سے خرابی صحت کا کوئی میڈیکل سرٹیفکیٹ فراہم نہیں کیا گیا ۔دوران سماعت جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ نیب نے ایک سال کے دوران اس کیس میں کتنی بار طلب کیا؟یہ بھی تو دیکھیں نیب اس کیس کی تفتیش میں کتنا سنجیدہ ہے۔ اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے سوالنامہ بھیجا تھا آصف زرداری نے آج تک جواب نہیں دیا ۔جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے تفتیش میں تعاون تو کرنا چاہیے۔ اس موقع پر وکیل صفائی جاوید اقبال نے عدالت کو بتایا کہ اگر نیب نے طلب کیا تو آصف زرداری ضرور پیش ہوں گے۔ عدالت نے آٹھ ارب کی مشکوک ٹرانزیکشن کا کیس میں آصف زرداری کی عبوری ضمانت میں 12جنوری تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔