کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں خلاف قانون تعمیر کی جانے والی عمارت کے حوالے سے دائر کی جانے والی آئینی درخواست SBCA کی جانب سے جواب نہ جمع کرانے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔(CP5727/2020) خیال رہے کہ اہل علاقہ نے فیڈرل بی ایریا بلاک21 مین راشد منہاس روڈ پر واقع ایک ایکڑ کے رفاہی پلاٹ پر کی جانے والی غیر قانونی تعمیرات کیخلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہوئی ہے۔ درخواست گزار نے یہ مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایرو آئیکونک کے نام سے جس پلاٹ پر غیر قانونی تعمیرات کی جارہی ہیں وہ پارک اور پارکنگ کے لیے مختص کیا گیا تھا۔ جسٹس عرفان سعادت اور جسٹس یوسف علی سعید پر مشتمل عدالت عالیہ کے بینچ نے منگل کو مقدمے کی سماعت کی اور SBCA سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو جوابات جمع کرانے کا حکم دیا۔ درخواست گزار کی جانب سے عثمان فاروق ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔