زرداری کو نیب سے تعاون کرنا چاہیے‘ اسلام آباد ہائیکورٹ

197

اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی 8 ارب روپے مشکوک ٹرانزیکشن کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ فاروق نائیک کے معاون وکیل نے التوا کی استدعا کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ فاروق نائیک عدالت عظمیٰ میں مصروف ہیں التوا دیا جائے۔ عدالت نے آصف زرداری کی منگل کو حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کر لی۔ نیب نے آصف زرداری کی حاضری سے استثنا کی مخالفت کی۔ نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے سوالنامہ بھیجا تھا آصف زرداری نے آج تک جواب نہیں دیا۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ زرداری کو تفتیش میں تعاون کرنا چاہیے۔ اس موقع پر وکیل صفائی جاوید اقبال نے بتایا کہ اگر نیب نے طلب کیا تو آصف زرداری ضرور پیش ہوں گے۔ عدالت نے زرداری کی عبوری ضمانت میں 12جنوری تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔