دادو گیس لوڈشیڈنگ سے تنگ شہری سڑکوں پر نکل آئے

120

دادو (نمائندہ جسارت) دادو شہر میں گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ، شہری اذیت میں مبتلا ہوگئے، گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ سے تنگ شہری سڑکوں پر نکل آئے، ایس ایس جی سی انتظامیہ دادو کیخلاف شدید نعرے بازی، گیس کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ۔ دادو شہر کی نجم کالونی، اسٹیشن روڈ، غریب آباد، لطیف آباد، عزیز آباد، شہباز کالونی، موندر ناکہ، بدر آباد سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں موسم سرما کی آمد سے لے کر اب تک گیس کی فراہمی معطل ہوکر رہ گئی، شہر بھر میں 18 گھنٹے گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے، جس کے باعث شہریوں کی زندگیاں اجیرن بن گئی ہیں، شہری صبح کے وقت ناشتہ اور دوپہر اور رات کے کھانے کے لیے شدید مشکلات سے دوچار ہیں اور ہوٹلوں سے مہنگے داموں کھانا خریدنے اور لکڑیوں پر کھانا پکانے پر مجبور ہیں۔ گیس کی لوڈشیڈنگ سے تنگ شہری سڑکوں پر نکل آئے اور سوئی سدرن گیس کمپنی کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر اسحاق میرانی، رفیق میرانی، عبدالرحمن جانوری، فاروق چانڈیو و دیگر نے سیکڑوں کی تعداد میں پریس کلب کے سامنے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ دادو کے نجم کالونی سمیت شہر بھر میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شدید پریشان کردیا ہے۔ گھریلو صارفین کی گیس بڑے کارخانوں کو بھاری رشوت کے عوض فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ راشی اور نااہل افسر قمر الدین سرہیو کو ہٹایا جائے اور شہر میں گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔