سکھر (نمائندہ جسارت) نواں گوٹھ میں گیس پریشر میں کمی اور لوڈشیڈنگ کے باعث گھریلو صارفین کو مشکلات کا سامنا، شکایات کے باوجود مسئلہ حل نہیں کیا جاسکا، سکھر کے علاقے نواں گوٹھ میں گیس پریشر میں کمی اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے گھریلو صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اس سلسلے میں نواں گوٹھ کے رہائشی حافظ اکمل بندھانی، عدنان بندھانی و دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ موسم سرما میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر کی کمی کا مسئلہ بڑھتا جارہا ہے، گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر کی کمی کی وجہ سے خواتین کو امور خانہ داری کی انجام دہی میں مشکلات کا سامنا ہے، ملازم پیشہ افراد گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی ہونے کے باعث بغیر ناشتے کے گھروں سے جانے پر مجبور ہیں، جبکہ لوگوں کو غسل و وضو کرنے کے لیے گرم پانی کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ اس سلسلے میں نواں گوٹھ کے رہائشیوں نے متعدد بار متعلقہ افسران کو شکایات بھی کی ہیں، لیکن مسئلہ حل نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے وفاقی وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل محکمہ سوئی گیس کے اعلیٰ افسران سے مطالبہ کیا کہ وہ گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر کی کمی کے بڑھتے ہوئے مسئلے کا نوٹس لے کر اس کو حل کرائیں تاکہ شہریوں کو پریشان کن صورتحال سے نجات حاصل ہوسکے۔