مریم نواز کا دورہ لاڑکانہ و سکھر انتہائی اہمیت کا حامل ہے، زاہد علی

434

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ سندھ کے ڈپٹی کوآرڈینیٹر زاہد علی رند نے کہا ہے کہ مریم نواز کا دورہ لاڑکانہ و سکھر انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ وہ پہلی بار اندرون سندھ کا پہلا دورہ ہے جس کو کامیاب بنانے کے بھرپور کوششیں کی جارہی ہے، کارکنوں کے تنظیمی مسائل کے حل کے لیے بھی تجاویز پیش کی جائے گی۔ مریم نواز کے دورہ اور نواز شریف کی سالگرہ کے انتظامات کے حوالے سے سندھ بھر کے دورہ کے موقع پر مسلم لیگ سندھ کے رہنما آصف معراجِ راجپوت کی رہائش گاہ پر کارکنوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کے کارکنوں کی جدوجہد نواز شریف کے بیانیہ کے عین مطابق ہے کہ کسی بھی غیر آئینی و قانونی اقدامات کی حمایت نہیں کرنی، ملک میں اور جماعت میں آئین کی بالادستی کے لیے مسلسل جدوجہد کرنی ہے، جس کے لیے سندھ بھر کے کارکن نواز شریف کے بیانیہ کو حقیقی معنوں میں عوام تک پہنچانے کے لیے سرگرم ہیں اور اپنے علاقوں میں عوام سے رابطے میں ہیں۔ اس موقع پر صوبائی رہنما منظور احمد مغل، چودھری سجاد احمد، عبدالمنعیم خان، زاہد قائم خانی، نواب قریشی، عبدالرحیم پٹھان، سید لیاقت شاہ، کامریڈ اشرف خان، عامر رند سمیت کارکنوں نے شرکت کی۔