حیدآباد(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے اسلامی جمعیت طلبہ حیدرآباد کے زیراہتمام خصوصی نشست میں شرکت کی۔ناظم جمعیت حیدرآباد حمزہ مشتاق شیخ نے سینیٹرسراج الحق کو اسلامی جمعیت طلبہ کی سرگرمیوں اور مہمات کی تفصیلی بریفنگ دی اور طلبہ کو درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا ۔نشست سے خطاب کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ تبدیلی کے نام پر سب سے بڑادھوکا اس ملک کے باصلاحیت طلبہ اور نوجوانوں کے ساتھ کیا گیا۔تبدیلی کے نام پرنوجوانوں سے ووٹ لیے گئے اور پھر طلبہ کوبے یارومددگار چھوڑ دیا گیا۔تبدیلی سرکار نے شعبہ تعلیم کومکمل طور پر تباہی کی طرف دھکیل دیا ہے۔جامعات کی فیسوں میں اضافہ،تعلیمی بجٹ میں کٹوتی،غریب کے لیے مفت جدیدتعلیم،وزیراعظم اور گونرزکے گھروں کو تعلیمی اداروں میں تبدیل کرنا یہ وہ جھوٹے وعدے ہیں جن کو سیاہ حروف میں لکھاجائے گا۔سینیٹرسراج الحق نے مزید کہا کہ طلبہ اس ملک کا سب قیمتی سرمایا ہیں۔آج کا طالب علم خوش نما نعرے نہیں عملی اقدامات چاہتا ہے۔طلبہ مفت اور جدید تعلیم دینا حکومت وقت کا اولین فریضہ ہے لیکن حکومتی اقدامات پر صرف افسوس ہی کیا جاسکتا ہے۔ہمارا اب حکومت وقت سے یہی مطالبہ ہے کہ آپ کے پاس جتنا وقت رہ گیا ہے اس میں طلبہ کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو پورا کرے۔طلبہ یونین مکمل طور پر بحال کرکے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں یونین کے انتخابات کروائے جائیں،تعلیمی اداروں کی فیسیں معاف کی جائیںHECکے بجٹ میں اضافہ کیا جائے،طلبہ لیپ ٹاپ سمیت جدیدسہولتیں مہیا کی جائیں۔سینیٹرسراج الحق نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر حکومت نے طلبہ کے ساتھ وعدے پورے نہیں کیے تو چاہیے عمران خان نے کتنا بڑا کپ کیوں نہ جیتا ہوں لیکن اس ملک کا نوجوان کبھی عمران خان کو معاف نہیںکرے گا ۔سینیٹرسراج الحق نے مزید کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ نے ہمیشہ اس ملک کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کی ہے۔ملک بھر کی طرح شہر حیدرآباد میں طلبہ کے جائز حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے۔الحمداللہ اسلامی جمعیت طلبہ دعوت دین،طلبہ کی خدمت،اور سالمیت ِ پاکستان کے عظیم الشان74سال مکمل کررہی ہے۔یہ ہفتہ تاسیسی ہفتہ ہے۔23دسمبرکو اسلامی جمعیت طلبہ اپنا یوم تاسیس منارہی ہے۔میں اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظمین سے لے کر ایک ایک کارکنان کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں مجھے اس کا پورا یقین ہے کہ جب تک اسلامی جمعیت طلبہ اس ملک کے تعلیمی اداروں میں موجود ہے تب تک پاکستان کی اسلامی شناخت مٹانے کی کوئی جرات نہیں کرسکتا ۔اس موقع پر ناظم اسلامی جمعیت طلبہ حیدرآباد حمزہ مشتاق شیخ نے سینیٹرسراج الحق کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔خصوصی نشست میں سینیٹرسراج الحق نے شرکاءکے سوالات کے جوابات دیے اور دورِ طالب علمی کی یادیں بھی وفد کے ساتھ شئیر کیں۔