فضل الرحمن سمیت 20سیاستدانوں پر حملوں کا خطرہ ہے، شیخ رشید

204

اسلام آباد(اے پی پی +مانیٹر نگ ڈ یسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن سمیت 20 نامور سیاستدانوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں اور ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے ۔پیر کواسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک میں سی پیک کے خلاف سازش ہورہی ہے اور شدید خطرات لاحق ہیںتاہم ہماری فورسز نے سی پیک کے خلاف کسی تھریٹ کو کامیاب ہونے نہیں دیا،سیاستدانوں پر بھی حملے ہوچکے ہیں اور اس وقت پاکستان کے 20 نامور سیاستدانوں کی زندگیوں کو شدید خطرات ہے، او ر تھریٹ الرٹ جاری کردیا گیا،مولانا فضل الرحمن پر حملے کا خدشہ ہے اور ان کو بھی آگاہ کر دیا ہے ۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف ملکی اداروں کے خلاف بیانیہ رکھتے ہیں، کوئی ایسا آرمی چیف اور جج نہیں جس سے انہوں نے تصادم نہ کیا ہو، نواز شریف نے اپنی سیاست کو خود دفن کیا ہے،ان سے گزارش ہے کہ لوگوں کو امتحان میں نہ ڈالیں، منی لانڈرنگ اور کرپشن کرنے والے نہیں بچ سکیں گے، عمران خان ایسی قانون سازی کریں گے کہ کوئی کرپٹ نہیں بچے گا۔انہوںنے کہا کہ مولانا فضل الرحمن سے گزارش ہے کہ ذاتی لڑائی مت لڑیں،وہ اس اسمبلی کو ناجائز کہہ رہے ہیں جس میں وہ خود صدارتی امیدوار تھے،اب ان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں،مولانا فضل الرحمن کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا ۔ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اگر عمران خان سے نہیں تو کس سے بات کرنا چاہتی ہے، ان لوگوں کی سیاست دیکھیں یہ لوگ میڈیا میڈیا کھیل رہے ہیں، ہرخاندان نے کمپنی کی مشہوری کے لیے ایک آدمی چھوڑا ہوا ہے، بالآخر مسائل کا حل اسمبلیوں میں ہی نکلے گا،اچھا موقع ہوگا اپوزیشن اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کرے اور سینیٹ الیکشن میں حصہ لے، اگر اپوزیشن نے حصہ نہ لیا تو عمران خان کو سینیٹ میںدو تہائی اکثریت مل جائے گی۔