سکھر، پتنگ بازی کیلیے مانجھا بنانے والا غیرقانونی کارخانہ سیل، سامان ضبط

92

سکھر (نمائندہ جسارت) روہڑی میں غیرقانونی طور پر برف کارخانے میں قائم کردہ پتنگ بازی کے لیے بڑے پیمانے پر مانجھا بنانے کے کارخانے پر چھاپا، مانجھے کی ہزاروں چھوٹی بڑی چرخیاں، کمیل، کانچ اور دیگر لاکھوں روپے کا سامان ضبط کرلیا، کارخانہ سیل، مانجھا بنانے والے کاریگر پولیس کو دیکھ کر فرار، خفیہ اطلاع پر چھاپا مارا گیا، تیار مانجھا پنجاب اسمگل ہونا تھا۔ پنجاب میں پتنگ بازی اور پتنگ اور مانجھے کی فروخت اور اس کی تیاری پر پابندی کے باعث روہڑی کے علاقے جی ٹی روڈ کے ساتھ برف کارخانے میں غیرقانونی طور پر بڑے پیمانے پر مانجھے کی تیاری کی اطلاع پر اسسٹنٹ کمشنر روہڑی ناصر احمد عباسی نے پولیس اور ریونیو عملے کی مدد سے برف کارخانے میں اچانک چھاپا مار کر برف کارخانے میں مانجھے کی تیار شدہ ہزاروں چھوٹی بڑی چرخیاں اور مانجھے میں تیاری میں استعمال ہونے والا کیمل، کانچ، سدی اور تیاری کے مراحل میں مانجھے کی چرخیاں اور دیگر لاکھوں روپے کا کچہ سامان اور مانجھے کی تیاری میں استعمال ہونے والا دیگر سامان اور مشینوں کو ضبط کرلیا گیا۔ قبل ازیں پولیس اور افسران کو کارخانے میں داخل ہوتا دیکھ کر مانجھا تیار کرنے میں مصروف کاریگر کارخانے کی دیواریں پھلانگ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر روہڑی ناصر احمد عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خفیہ اطلاع پر برف کارخانے پر چھاپا مارا گیا، بڑے پیمانے پر پتنگ بازی کے لیے مانجھا تیار کیا جارہا تھا، مانجھے کی تیاری کے لیے مختلف جدید مشینری استعمال کی جاری تھی، کارخانے سے سندھ کے بیشتر اضلاع سمیت خاص طور پر پنجاب کے مختلف شہروں میں تیار شدہ مانجھا فروخت ہونا تھا، کارخانے میں موجود تمام تیار اور کچہ مال اور دیگر سامان ضبط کرکے کارخانے کو سیل کردیا گیا ہے۔ تاہم موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مانجھا تیار کرنے والے کاریگر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اس سلسلے میں تمام چھان بین مکمل کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور اس غیرقانونی عمل میں ملوث تمام افراد کو گرفتار کیا جائے گا۔