لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں تحصیل قنبر کے گائوں حاصلا کے رہائشیوں نے سودخوروں کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس موقع پر نوجوان محمد قاسم حاصلو نے اپنے رشتے داروں کے ہمراہ صحافیوں کو بتایا کہ سال قبل میں نے مجبوری کے تحت بااثر لال ڈنو حاصلو سے سود کے عوض چار لاکھ پندرہ ہزار روپے لیے جو پیسے چند ہی ماہ میں واپس لوٹا دیے تاہم بااثر کی جانب سے مزید پیسوں کی مانگ کی جارہی ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ بااثر کی جانب سے اضافی پیسے بٹورنے کے لیے میرے بھائی کی زرعی زمین مجھ سے لکھوائی اور مجھ سمیت میرے رشتے داروں پر شہر کے سول لائن تھانے پر موٹرسائیکل چوری کا جھوٹا مقدمہ بھی درج کیا جس کے خلاف میں نے عدالت سے رجوع کیا اس پر بااثر کی جانب سے مجھے جان لیوا دھمکیاں دی جارہی ہیں۔انہوں نے ڈی آئی جی اور ایس ایس پی لاڑکانہ سے اپیل کی کہ معاملے کا نوٹس لے کر بااثر سود خور کے خلاف کارروائی کرکے تحفظ فراہم کیا جائے۔