اسلام آباد: اپوزیشن لانگ مارچ کرے ہم استقبال کریں گے، شیخ رشید احمد

274

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں تمام چیک پوسٹیں ختم کردی ہیں جبکہ جنہوں نے استعفے فروری میں دینے ہیں وہ کل ہی دے دیں اور اپنا شوق پورا کرلیں اور جس کا دل چاہتا ہے آجائے، لانگ مارچ کرے ہم استقبال کے لیے تیار ہیں۔

  وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران اپوزیشن جماعتوں کے استعفوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہےکہ فروری میں استعفے دینے والے کل استعفے دے دیں اور اپنا شوق پورا کریں جبکہ عمران خان نے مجھ پر اعتماد کیا ہے اور 100 دن میں وزارت داخلہ میں تبدیلی ہوگی۔

وفاقی وزیر داخلہ کاکہناتھا کہ ڈنکے کی چوٹ پر کہتا ہوں وزیراعظم 5 سال پورے کریں گے اور معاشی سیاسی حالات سے نکال کر عمران خان قوم کو آگے لے کر جائے گا اور عمران خان ملک کی معیشت کو بھی بہتر کرے گا جبکہ23 دسمبر کو وزیراعظم عمران خان پولیس لائنز میں تقریب میں بھی شرکت کریں گے اور عمران خان کو کریڈٹ ہے کہ پولیس کو پہلی مرتبہ عزت ملنے جارہی ہے۔

شیخ رشید احمد کاکہنا تھا کہ امیگریشن، نادرا، پاسپورٹ، ایف آئی اےسمیت تمام ادارے قوم کی خدمت کے لیے ہوں گے جبکہ ایک لاکھ شناختی کارڈ روز جاری ہوں گے اور پہلا مفت ہوگا، تمام تحصیلوں میں شناختی کارڈ دفتر کھول دیے جائیں گے اور جو تحصیل رہ جائیں گےوہاں ہر ہفتے ایک دفتر کھولیں گے۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھاکہ دس ملکوں میں شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کا انتظام ہے اورساری دنیا میں وزارت خارجہ سے مل کرشناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھجوائیں گے۔

واضح رہے  وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مجھ پر اعتماد کیا ہے اور 100 دن میں وزارت داخلہ میں تبدیلی ہوگی۔