سکھر، ٹریفک جام معمول بن گیا، شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات

432

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر میں ٹریفک جام روز کا معمول بن گیا، شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا، متعلقہ بالا حکام سے نوٹس لے کر ٹریفک مسائل سے نجات دلانے کا مطالبہ ۔ سکھر کے تجارتی و کاروباری مراکز میں نوانٹری کے باوجود گاڑیوں کو جانے کی اجازت کیساتھ انہیں پارک کرنے کی بھی سہولیات مہیا کیے جانے کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں بے ترتیب اور نو پارکنگ ایریا میں کھڑی گاڑیوں کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل پڑنے سمیت کئی کئی گھنٹوں ٹریفک جام ہونا بھی معمول بنتا جارہا ہے، شہریوں کی جانب سے ٹریفک مسائل سے نجات کے لیے سکھر انتظامیہ کو تحریری طور پر دی جانیوالی شکایات کے باوجود شہری ٹریفک کے مسائل کی وجہ سے دوہرے عذاب میں مبتلا دکھائی دے رہے ہیں شہر کے اکثر علاقوں میں ٹریفک جام کی وجہ سے نا صرف پیدل چلنے والوں بلکہ تجارتی و کاروباری مراکز میں خریداری کے لیے آنے والے مرد و خواتین سمیت بچوں کو بھی شدید مشکلات اٹھانا پڑرہی ہے، سکھر کے سماجی حلقوں نے کمشنر سکھر،ڈپٹی کمشنر سکھر، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ اعلیٰ سکھر، ایس ایس پی سکھر اور متعلقہ محکموں کے افسران سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ سکھر کے شہریوں کو بے ترتیب نو پارکنگ ایریا میں کھڑی گاڑیوں کے باعث ٹریفک جام کے درپیش مسائل سے بچایا جائے۔