سکھر (نمائندہ جسارت) چائلڈ ابیوز، جنسی طور پر ہراساں کیے جانے، زیادتی کے عمل کی روک تھام، بچوں سے متعلق قوانین، استغاثہ اور ان پر عملدرآمد کے متعلق ایس ایس پی آفس سکھر میں سیمینار منعقد کیا گیا، سیمینار میں معروف قانونی ماہر و اسپیکر اقبال ڈیتھو نے چائلڈ ابیوز، بچوں کے ساتھ جنسی ہراساں کیے جانے کیخلاف قوانین پر عملدرآمد کے متعلق اظہار خیال کیاا ورکشاپ میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات، روک تھام، ایسے کیسز میں آئی اوز کو پیش آنے والے مسائل، قوانین پر عملدرآمد جیسے اہم نکات پر تفصیلی لیکچر دیا گیا۔ سماجی رہنما کا کہنا تھا کہ بچوں کے ساتھ کیسز انتہائی حساس ہوتے ہیں، جس میں اکثر پولیس کو تفتیش میں پیچیدگیاں حائل ہوجاتی ہیں، جس سے پولیس ایسے مقدمات کو پایہ تکمیل تک نہیں پہنچا سکتی اور انہیں بیشتر مشکلات پیش آتی ہیں۔ ورکشاپ کا مقصد پولیس افسران کو ان پیچیدہ مسائل سے آگاہ کرنا ہے اور کیسز کو باآسانی حل کرنا ہے۔ اقبال ڈیتھو نے شرکاء سے مزید کہا کہ بچوں کے متعلق قوانین میں اصلاحات عملدرآمد واقعات کی روک تھام اور پراسیکیوشن سے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جاسکتا ہے۔ سیمینار میں ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں سمیت پولیس ویلفیئر افسران سمیت این جی اوز کے مختلف نمائندوں نے شرکت کی۔