آرمی چیف سے حکومت گرانے کا مطالبہ نہیں کیا، ن لیگ

201

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ ادارے پی ڈی ایم نہیں حکومت کی کارکردگی سے پریشان ہیں،اپوزیشن نے آرمی چیف سے حکومت گرانے کا مطالبہ نہیں کیا، عوام کی طاقت سے سلیکٹڈ حکومت کوگھربھیجیں گے، وقت آگیا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اور دیگر کو اپنے ماضی سے سبق سیکھنا چاہیے، سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت کے سارے دروازے بند ہونے چاہئیں، سیاست دان تو سیکھ چکے، اب اسٹیبلشمنٹ کوسیکھنا چاہیے،لانگ مارچ ملک بچانے کے لیے ہوگا، پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں عظمیٰ بخاری اور عطا اللہ تارڑ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا حکومت چند ماہ کی مہمان ہے ،اینٹی کرپشن، ایف آئی اے، پولیس کو مہمان حکومت کی خاطراپنی ملازمتوں کوداغدارنہیں کرنا چاہیے، پی ڈی ایم کااعلان لاہور،قرارداد پاکستان کے بعد اہم ترین قرارداد ہے، تمام جماعتوں نے ملکرچلنے کا وعدہ کیا ہے، اپوزیشن اقتدارنہیں عوام کوبچانے کی جنگ لڑرہی ہے ۔ پی ڈی ایم عمران خان کا استعفے لینے کے لیے لانگ مارچ لازمی کرے گی اگر استعفا نہ دیا تو پی ڈی ایم اسمبلیوں سے استعفے دے کر اس نظام کو زمین بوس کر دے گی ۔عمران خان نے کہا کہ ادارے اپوزیشن سے ناراض ہیں حالانکہ ادارے اس حکومت کی ناقص کارکردگی سے پریشان ہیں ،مودی کشمیر کو اچک کر لے گیا لیکن حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ،اداروں میں تشویش کی وجہ پاکستان کے دوست ملکوں کا اس سے دور ہونا ہو سکتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ایل این جی کی مد میں قوم کو122 ارب روپے کا نقصان ہو چکا ہے ،ملکی ائرلائن انڈسٹری تباہ کر کے یورپی یونین کو ائرلائنز چلانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔بی آر ٹی ملک کا سب سے بڑا اسکینڈل بن چکا ہے ،مہنگائی اپنی حدوں کو چھو رہی ہے ،حکومت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 20فیصد ایڈہاک اضافہ کرے ۔