بلوچستان کی محرومیاں دور کیے بغیر پاکستان کی ترقی ممکن نہیں،بلاول زرداری

332

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے ہفتے کی شام بلوچستان نیشنل پارٹی کے چیئرمین سردار اختر مینگل کی رہائش گاہ جاکر ان سے ملک کی تازہ ترین سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ بلاول زرداری اور سردار اختر مینگل کے درمیان پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔بلاول زرداری نے سردار اختر مینگل کو شہید بینظیر بھٹو کے یوم شہادت پر گڑھی خدا بخش میں ہونے والے جلسے میں شرکت کی دعوت دی۔بلاول زرداری اور سردار اختر مینگل کے درمیان بلوچستان کی سیاسی و سماجی صورت حال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔بلاول زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے بلوچستان کو حقوق کی فراہمی کے سلسلے کا آغاز کیا اور ان کی جماعت یہ سمجھتی ہے کہ بلوچستان کی محرومیاں دور کئے بغیر پاکستان کی ترقی ممکن نہیں۔بلاول زرداری نے کہا کہ بلوچستان کے وسائل پر سب سے پہلے بلوچ عوام کا حق ہے۔