لسبیلہ (نمائندہ جسارت) پاکستان کوسٹ گارڈ کی اسمگلنگ کیخلاف مختلف کارروائیاں۔ پاکستان کوسٹ گارڈ اپنی ذمے داری کے علاقے میں غیر قانونی کاروبار، اسمگلنگ کیخلاف ادارہ ہذا کی کارروائیوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں، حتیٰ الوسع کوشش کی جارہی ہے کہ غیر قانونی کاروباری سرگرمیوں کو روکا جاسکے۔ اس سلسلے میں گزشتہ ہفتے میں کی گئی کارروائیوں کی تفصیلات درج ذیل ہیں۔ خفیہ ذرائع سے اطلاع ملنے پر کارروائی کرتے ہوئے حب شہر کے قریب بوندے واری کے علاقے سے غیر قانونی طریقے سے چھپایا گیا 18 ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل اور 4 بیرل انجن آئل برآمد کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کر کے 1 موٹر سائیکل اور 1 آئل ٹینکر کو تحویل میں لے لیا گیا ناکہ کھاری چیک پوسٹ (وندر) پر کوئٹہ ٹو کراچی مسافر کوچ میں سوار مسافر سے 1.45 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرتے ہوئے اسمگلر کو گرفتار کرلیا گیا۔ ناکہ کھاری چیک پوسٹ پر آئل ٹینکر سے 15 ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کرتے ہوئے ڈیزل اسمگلر کو آئل ٹینکر سمیت حراست میں لے لیا گیا۔ ناکہ کھاری چیک پوسٹ پر مختلف گاڑیوں کی تلاشی کے دوران 11 ہزار کلو گرام چھالیہ، 4267 کلو گرام غیر ملکی کپڑا اور متفرق اشیا برآمد کرلی گئیں۔ سپر ہائی وے (کراچی) پر دوران چیکنگ 2 ٹرکوں سے 12 ہزار کلو گرام چھالیہ برآمد کرتے ہوئے 4 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ تمام اسمگل کی جانے والی منشیات، چھالیہ، 4 عدد ٹرک، آئل ٹینکر، متفرق اشیاء اور 10 افراد کو پاکستان کوسٹ گارڈ نے اپنی تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی جاری ہے، پکڑی جانے والی منشیات، چھالیہ اور متفرق اشیاء کی مالیت تقریباً 7 کروڑ روپے کے لگ بھگ ہے۔ پاکستان کوسٹ گارڈ اس امر کا اعادہ کرتی ہے کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رکھے گی تاکہ وطنِ عزیز کو اس لعنت سے نجات دلائی جاسکے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جائے گا۔