سکھر ،احساس کفالت پروگرام میں جعلسازی کرکے پینے نکلوانے والے4 ملزمان گرفتار

231

 

سکھر( نمائندہ جسارت) سکھرمیں ایف آئی اے سائبر ونگ کی کامیاب کارروائی ،احساس کفالت پروگرام میں جعلسازی کے ذریعے خواتین کے پیسے نکلوانے والے چار ملزمان گرفتار،بائیو میٹرک و ویریفکیشن مشین،جعلی تھمب مشین ودیگر سامان برآمد، مقدمہ درج کرلیاگیا۔ایف آئی اے سائبر ونگ کی ٹیم نے ایک اطلاع پر سکھر بائی پاس کے قریب کامیاب کارروائی کرتے ہوئے احساس کفالت پروگرام میں جعلسازی کرکے خواتین کے اکاؤنٹس سے پیسے نکلوانے والے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے اور ان کے قبضے سے موبائل فونز ،سیلیکون کے بنائے گئے سیکڑوں جعلی تھمب ،تھمب بنانے والی مشین ،بائیومیٹرک و ویریفکیشن مشین و دیگر سامان برآمد کرکے ان کیخلاف ڈویژنل ڈائریکٹر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سکھر جمیل احمد شیخ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ۔اس سلسلے میں ایف آئی اے سکھر کے انچارج امجد عباسی کے مطابق ملزمان نے اب تک جعلی تھمب امپریشن بناکر سیکڑوں مستحقین کے لاکھوں روپے نکلوالیے ہیں ان سے تفتیش کی جارہی ہے ان کے خلاف کارروائی عوامی شکایات پر کی گئی ہے۔