شاداب خان ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں پاکستان کے نئے کپتان

303

سید پرویز قیصر
شاداب خان ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی قیادت کرنے والے نویں کھلاڑی بنے۔انہوں نے آکلینڈ میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی مرتبہ پاکستان کی قیادت کی جس میں پانچ وکٹ سے ہار ہوئی۔شاداب خان نے42 ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں میں شرکت کرنے کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کی قیادت کی۔ پاکستان کے ریگولر کپتان بابر اعظم کے زخمی ہونے کی وجہ سے شاداب خان کو پاکستان کی قیادت کرنے کا موقع ملا۔ پہلے ہی ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ میں شکست کھانے والے شاداب خان پاکستان کے تیسرے کپتان ہیں۔
محمد حفیظ کو پہلے ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ میں ہار ملی تھی۔ انہوں نے سری لنکا کے خلاف یکم جون2012 کو پہلی مرتبہ پاکستان کی کپتانی کی تھی۔ اس میچ میں پاکستان کو37 رن سے شکست ہوئی تھی۔ محمد حفیط کو تیسرے سب سے زیادہ ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی قیادت کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔انہوں نے 2012 اور2014 کے درمیان جن29 ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی قیادت کی اس میں17 میں جیت ملی،11 میں ہار ہوئی اور ایک میچ ٹائی رہا۔
یونس خان نے آٹھ ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی قیادت کی جس میں پانچ میںانہیں کامیابی ملی اور تین میں شکست ہوئی۔ انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف2 فروری2007 کو جوہانسبرگ میں پہلی مرتبہ پاکستان کی قیادت کی تھی۔ اس میچ میں پاکستان کو دس وکٹ سے شکست ہوئی تھی۔
سب سے زیادہ ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی قیادت کرنے والے شاہد آفریدی ہیںجنہوں نے2009 اور2016 کے درمیان43 میچوں میں کپتانی کی تھی۔19 میچوں میں انہیں جیت ملی تھی جبکہ23 میں ہار ہوئی تھی۔ ایک میچ ٹائی رہا تھا۔ شاہد آٖفریدی کو اپنے پہلے چار میچوں میں فتح ملی تھی۔ انہوں نے سری لنکا کے خلاف کولمبو میں12اگست2009 کو پہلی مرتبہ ٹیم کی قیادت کی تھی۔ اس میچ میںپاکستان کو52 رن سے جیت حاصل ہوئی تھی۔سرفرازاحمدنے اپنے پہلے چھ ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں میں جیت دلائی تھی۔ ایسا کوئی دوسرا کپتان نہیں کرسکا ہے۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف مانچسٹر میں7 ستمبر2016 کو پہلی مرتبہ پاکستان کی قیادت کی تھی۔ اس میچ میں پاکستان کو31 بالیں قبل نو وکٹ سے جیت ملی تھی۔ کل ملاکر انہوں نے2016 اور2019 کے درمیان37 ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی کپتانی کی اس میں سے29 میں کامیابی ملی اورآٹھ میں شکست ہوئی۔شعیب ملک پہلے آٹھ ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کو شکست سے بچانے میں کامیاب رہے تھے۔ اس میں ایک ٹانی میچ شامل ہے جس میں بول آوٹ میں پاکستان کو شکست ہوئی تھی۔شعیب ملک کی قیادت میں پاکستان کو پہلی شکست ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ کے فائنل میں ہوئی تھی۔24 ستمبر 2007 کو جوہانسبرگ میں پاکستان پانچ رن سے فائنل ہاری تھی۔